چاول زر مبادلہ کا بڑا ذریعہ ،اس شعبے کو صنعت کا درجہ د یا جائے، چیئرمین پی ایچ ایچ ایس اے شہزاد علی ملک

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے)نے چاول کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی اپیل کی ہے کیونکہ یہ قومی معیشت میں ایک اہم شراکت دار اور ملک کے لیے زرمبادلہ کا دوسرا بڑا ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔ اتوار کو یہاں مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایچ ایچ ایس …

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے)نے چاول کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی اپیل کی ہے کیونکہ یہ قومی معیشت میں ایک اہم شراکت دار اور ملک کے لیے زرمبادلہ کا دوسرا بڑا ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔

اتوار کو یہاں مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایچ ایچ ایس اے کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے حکومت سے اپیل کی کہ شاندار کارکردگی اور ملکی معیشت میں شراکت کی بنیاد پر چاول کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای)سیکٹر کے تاجروں سمیت لاکھوں مزدور اس شعبے سے منسلک ہیں،

اس کی برآمدات 2 بلین ڈالر ہیں اور ان میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ملک کے لیے دوسرا سب سے بڑا زرمبادلہ کمانے والا شعبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چاول کی اندرون ملک کھپت گندم کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، گندم ہماری بنیادی غذا ہے لیکن چاول اب ایک فاسٹ فوڈ بنتا جا رہا ہے۔شہزاد علی ملک نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں دھان کے زیر کاشت رقبے میں 70 ہزار ایکڑ کا اضافہ ہوا ہے اور اس کے مزید پھیلا ئومیں بنیادی رکاوٹ پانی کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دھان کی کاشت بڑھنے سے برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ میں صرف مخصوص علاقوں میں دھان کی کاشت کرنے کی اجازت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کے بیج کا استعمال کرکے اس کی پیداوار اور معیار کو بڑھانے اور نئے ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کے بیجوں کے حوالے سے مسلسل تحقیق اور ترقی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی چاول اس شعبے کی شان ہے جو پاکستان کا ورثہ ہے اور ہم اس کی اصلیت کو برقرار رکھنے اور پورے خلوص، لگن اور محبت کے ساتھ اسے فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چاول کے تاجر اس ورثے کے ٹرسٹیز اور نگہبان ہونے کی وجہ سے اس شعبے کو اپ گریڈ کرنے کے خواہاں ہیں۔