چہلمِ حضرت امام حسینؓ، محکمہ داخلہ پنجاب کی راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں فول پروف انتظامات کی ہدایت

محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات کومزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات کومزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تمام ضلعی اور ڈویژنل کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ سکیورٹی صورتحال کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ، اطلاعات کا فوری تبادلہ، مختلف اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مربوط کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان نے بتایا ہے کہ چہلم کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے جامع اور فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی سمیت تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی۔

داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ایلیٹ فورس سمیت تمام دستیاب وسائل کو فعال رکھا جائے گا۔ترجمان کے مطابق ضلعی اور ڈویژنل سطح پر قائم کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے اور مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر سکیورٹی صورتحال کی نگرانی کریں گے۔ کسی بھی غیر معمولی واقعہ یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران، ضلعی پولیس سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منظور شدہ سکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ موثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔

جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور پارکنگ ایریاز کی مکمل سویپنگ کے ساتھ ساتھ ہنگامی طبی امداد، ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں،سکیورٹی چیکنگ کے عمل میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں اور افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔