چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا بلوچستان کے بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے متاثرین کےلئے مالی اعانت کے پیکج کا اعلان کیا

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پیر کو بلوچستان کے بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمران زرگون نے چیئرمین کو صوبہ بلوچستان میں حالیہ بارش اور برف باری سے ہونے والے نقصانات کے متعلق بریفنگ دی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات …

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پیر کو بلوچستان کے بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمران زرگون نے چیئرمین کو صوبہ بلوچستان میں حالیہ بارش اور برف باری سے ہونے والے نقصانات کے متعلق بریفنگ دی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں ہونے والے قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے متاثرین کےلئے مالی اعانت کے پیکیج کا اعلان کیا۔ مرحومین کے ورثاءکو 5 لاکھ جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جن متاثرین کے گھر منہدم ہوئے ہیں ان کو ایک لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر جن گھر وں کو نقصان پہنچا ہے ان خاندانوں کو 25 سے 50 ہزار روپے تک کی مالی معاونت دی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو آگاہ کیا کہ بھاری مشینری کی کمی کی وجہ سے سڑکوں اور راستوں کی بحالی میں مشکلات پیش آئیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے بلوچستان کو یقین دلایا کہ سڑکوں اور راستوں کی بحالی کےلئے بھاری مشینری کی کمی کو دور کیا جائے گا اور اس کےلئے فنڈز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ (این ڈی ایم اے) سے مہیا کئے جائیں گے۔ چیئرمین نے اس موقع پر اعلان کیا کہ بلوچستان حکومت کے تمام متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے کےلئے ایک جامع ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔