چیئرمین این ڈی ایم اے کی آئی سیسکو پویلین میں گلوبل کلائمیٹ فنانس پینل میں پاکستان کی نمائندگی

99

باکو۔14نومبر (اے پی پی):چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے باکومیں جاری کوپ29 سمٹ کے دوران آئی سیسکو پویلین میں منعقدہ گلوبل کلائمیٹ فنانس میکنزم میں انصاف اور افادیت کے عنوان سے پینل مباحثے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اس مباحثے میں عالمی ماہرین نے مالیاتی حکمت عملیوں پربات چیت کی جو موثر ڈیزاسٹر رسپانس اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف استحکام کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں ایسے مالیاتی حل کی اہمیت پر زور دیا جو ہنگامی صورتحال میں بر وقت مالی امداد فراہم کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ بر وقت مالی امداد کی فراہمی سے ڈیزاسٹر رسپانس اور بحالی کی کوششوں میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ معاشی اور مالی تیاری میں اضافے کے لیے پہلے سے طے شدہ مالیاتی لائحہ عمل جیسا کہ ایمرجنسی فنڈز اور انشورنس پروڈکٹس کو شامل کیا جانا چاہیے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کوپ۔ 29کے دوران پاکستان کی موسمیاتی مالیاتی حکمت عملی میں استحکام کو فروغ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ایسے مالیاتی منصوبوں کے لیے کوشش کرنا ہے جونہ صرف خطرات کو کم کرنے بلکہ پاکستان جیسے متاثرہ ممالک کی فوری بحالی کے لیے بھی ضروریات کو بھی پورا کریں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے موسمیاتی نقصانات سے تحفظ کے لیے خودمختار رسک پول، پبلک انشورنس اور کمیونٹی لیول مائیکرو انشورنس جیسے مالیاتی نظام کو قومی فریم ورک میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ این ڈی ایم اے کا اعلی سطحی وفد باکو میں جاری کوپ۔ 29 میں شرکت کر رہا ہے۔این ڈی ایم اے کی شرکت بین الاقوامی تعاون اور حمایت کے ذریعے پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اوراستحکام کو فروغ دینے کے سفر میں معاون ثابت ہو گی۔