اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) ناروے میں ایک تقریب کے دوران شرکاءسے 2 گھنٹوں میں 8 کروڑ روپے ڈیمز فنڈ کیلئے اکٹھے کئے گئے۔ تقریب پاکستانی سفارتخانہ، تحریک انصاف ناروے اور پاکستانی کمیونٹی نے مشترکہ طور پر منعقد کی تھی۔ تقریب میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں شوکت یوسفزئی، عتیقہ اوڈھو، ناروے میں پاکستان کے سفیر پرویز خان، تحریک انصاف ناروے کے صدر تصدق چوہدری، علماءکرام اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دستخط شدہ بلے اور گیند کی بھی نیلامی کی گئی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین فیصل جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوسلو میں مقیم پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، ناروے نے پورے یورپ کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے، یہی جذبہ رہا تو ڈیم انشاءاﷲ اپنی مدت سے پہلے بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی کمیونٹی کے شکر گزار ہیں، ڈنمارک، یونان کے بعد ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور جذبہ دکھایا ہے۔