چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا وینزویلا میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہارافسوس
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا وینزویلا میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہارافسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلہ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جمعرات کو جاری اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور پارلیمان اس مشکل گھڑی میں وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔
انہوں نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم وینزویلا کے عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس قدرتی آفت کے متاثرین کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قدرتی آفات عالمی سطح پر ہمدردی، تعاون اور یکجہتی کی متقاضی ہوتی ہیں اور انسانی جانوں کا ضیاع پوری انسانیت کا نقصان ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وینزویلا کی حکومت اور عوام اپنے عزم، حوصلے اور باہمی تعاون کے ذریعے اس آزمائش پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔انہوں نے ایک بار پھر متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وینزویلا کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی اور نیک خواہشات کا اعادہ کرتا ہے۔








