چیئرمین سینیٹ کا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ پر خراجِ عقیدت

چیئرمین سینیٹ کا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ پر خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ایک روشن علامت تھیں جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، عوامی نمائندگی اور آئینی حکمرانی کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔

انہوں نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی پوری سیاسی زندگی عوام کی خدمت اور پاکستان میں جمہوری استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔سینیٹر سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ اس سال محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں منائی جا رہی ہےجوہمیں قربانی، صبر، استقامت اور حق و سچ کے لیے ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی اور شہادت بھی انہی عظیم اقدار کی عکاس تھی، جنہوں نے ہر قسم کے دباؤ اور مشکلات کے باوجود اپنے اصولی مؤقف اور جمہوری جدوجہد کو ترک نہیں کیا۔چیئرمین سینیٹ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں جمہوریت، عوامی فلاح، آئینی بالادستی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ان کے وژن اور جدوجہد کو آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

مزید خبریں