چیئرمین سینیٹ کی ترلائی میں امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکہ کی مذمت

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ کے گیٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ میں معصوم اور نہتے نمازیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دھماکہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے …

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ کے گیٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ میں معصوم اور نہتے نمازیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دھماکہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت، مذہبی اقدار اور قومی ہم آہنگی پر براہِ راست حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ اور سفاکانہ اقدامات قوم کے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتے بلکہ اس قسم کے واقعات قوم کو مزید متحد اور پرعزم بناتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب، قوم یا ملک سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، یہ عناصر دراصل انسانیت کے دشمن ہیں جو ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ پوری قوم اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف علاقوں میں مؤثر اور کامیاب کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر فخر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔