چیئرمین سینیٹ کی قائدانہ بصیرت سے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری مزید مستحکم

چیئرمین سینیٹ کی قائدانہ بصیرت سے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری مزید مستحکم

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور دنیا بھر کی پارلیمانوں کے ساتھ پاکستان کے روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کاوشوں کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ( آئی ایس سی ) کی جانب سے سراہا گیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یہ پذیرائی 26 سے 28 اگست 2026 کو کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں منعقد ہونے والی دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (ISC-2) میں ان کی قیادت اور فعال کردار کے اعتراف میں کی گئی۔

آئی ایس سی کے سیکرٹری جنرل ایک ناتھ ڈھکال نے چیئرمین سینیٹ کے نام اپنے خط میں، آئی ایس سی اور سینیٹ آف کمبوڈیا کے صدر سامدیک اکّا موہا سینا پادئی تیچو ہن سین کی جانب سے کانفرنس میں ان کی شرکت اور گراں قدر کردار پر اظہارِ تشکر کیا۔ خط میں سید یوسف رضا گیلانی کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پارلیمانی سفارت کاری امن، مکالمے، باہمی افہام و تفہیم، تنازعات کے پُرامن حل اور اقوام کے مابین تعاون کے فروغ پر مبنی ہے۔

دنیا بھر کے سپیکرز، پارلیمانی سربراہان اور پارلیمانی رہنمائوں کے ساتھ ان کے مسلسل روابط نے روایتی سفارتی ذرائع سے ہٹ کر پارلیمان سے پارلیمان کے درمیان روابط اور ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ’’امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے یکجہتی — بین الاقوامی قانون کے استحکام اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اقدامات‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنمائوں نے امن، بین الاقوامی تعاون اور تنازعات کے پُرامن حل سمیت اہم عالمی امور پر غور کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے مکالمے، کثیرالجہتی تعاون اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمان سے پارلیمان کے درمیان سفارت کاری کو عالمی سطح پر افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کے فروغ کا موثر ذریعہ بنانے کے لیے مسلسل کردار ادا کیا ہے۔ ان کی فعال پارلیمانی سفارت کاری سے عالمی پارلیمانی فورمز پر پاکستان کی آواز اور موقف کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کے پارلیمانی روابط اور شراکت داری بھی مزید مستحکم ہوئی ہے۔

آئی ایس سی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا جانا پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں ان کے اہم کردار کا اعتراف ہے اور یہ پاکستان کے تعمیری کثیرالجہتی تعاون، امن اور مشترکہ خوشحالی کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔