چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک سے ملک میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہوگا، ایم ایل ون منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا اور شاہراہوں کا جال بچھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اجلاس کو …

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک سے ملک میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہوگا، ایم ایل ون منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا اور شاہراہوں کا جال بچھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ عاصم سلیم نے کہا کہ ریلوے کا ٹرانسپورٹ شیئر 4 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہو جائے گا، حویلیاں کے مقام پر بڑی ڈرائی پورٹ قائم کی جائے گی اور اقتصادی زونز بنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر شیری رحمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت ریلوے کا ٹرانسمیشن سسٹم تبدیل کر دیا جائے گا۔ ایکنک نے 7.2 ارب ڈالرز کی لاگت کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ ریلوے کا ٹرانسپورٹ شیئر 4 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے انجینئرز کو روس، جرمنی اور برطانیہ سے مل کر تربیت دی جائے گی۔ اورنج لائن ٹرین منصوبہ بھی جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ حویلیاں کے مقام پر بڑی ڈرائی پورٹ قائم کی جائے گی جہاں چین سے آنیوالا سامان پہنچے گا۔ زراعت کو بھی سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایک سوال پر چئیرمین سی پیک اتھارٹی نے بتایا کہ ایران کے ساتھ بارڈر فینسنگ کی جا رہی ہے، 100 کلومیٹر باڑ جلد لگا دی جائے گی۔ انہوں نے کمیٹی کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح جلد کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد اور دھابیجی بھی خصوصی اقتصادی زون بنیں گے۔ مانسہرہ تھاکوٹ موٹر وے کو بھی جلد کھول دیا جائے گا۔کمیٹی چیئرپرسن شیری رحمان اور دیگر سینیٹرز نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سی پیک منصوبہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی عاصم سلیم باجوہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود چئیرمین سی پیک اتھارٹی نے کسی سوال کے جواب پر کوئی تشنگی نہیں چھوڑی۔ بلوچستان کے سینیٹرز بھی عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی سے متاثر ہوئے۔