چیئرمین سی ڈی اےکا عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد کی صفائی و ستھرائی آپریشن کے جائزہ کیلئے مختلف مقامات کا دورہ

چیئرمین سی ڈی اےکا عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد کی صفائی و ستھرائی آپریشن کے جائزہ کیلئے مختلف مقامات کا دورہ

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام سہیل اشرف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد کی صفائی و ستھرائی آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن، ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی سمیت دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ اپنے دورہ کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے صفائی و ستھرائی کے عمل میں مصروف سینیٹیشن سٹاف کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔

انہوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں تلف کرنے کے صفائی آپریشن کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ متعلقہ افسران نے صفائی آپریشن کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کو بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد شہر کو پانچ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔2 ہزار سے زائد عملہ اور 2 سو سے زائد مختلف اقسام کی جدید گاڑیاں و مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آلائشیں تلف کرنے کیلئے 89 مختلف مقامات پر 151 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں،صفائی آپریشن کی نگرانی مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی سیکٹر H-11 سے کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں انتظامات کیلئے شہر میں دو ایمر جنسی سیل بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔

چیئر مین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ شہریوں میں تقریباً دو لاکھ بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگز بھی تقسیم کئے گئے ہیں،مذبحہ خانوں اور آلائشوں سے بدبو اور تعفن ختم کرنے کیلئے فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے جانوروں کی آلائشیں اور اوجھڑیاں وغیرہ نالوں ، اوپن ایریاز اور جنگلوں میں نہ پھینکنے کے حوالہ سے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

آلائشیں کو بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک میں رکھ کر مختص جگہوں پر رکھیں تا کہ متعلقہ عملہ اسکو اٹھا کر لے جائے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ شہری جانوروں کی آلائشیں اٹھوانے کیلئے ہیلپ لائن 1334 یا 9213908 پر رابطہ کرسکتے ہیں، شہری واٹس ایپ نمبر 03355001213 پر بھی اپنی شکایات کا اندارج کرواسکتے ہیں ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی اسلام آباد کو عید الاضحیٰ کے موقع پر زیرو ویسٹ سٹی بنانے کے ہدف کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔