چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر روڈز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے جنہوں نے چیئرمین کو منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے مطابق شاہین چوک منصوبے میں 48 گرڈرز کی لانچنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی …

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر روڈز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے جنہوں نے چیئرمین کو منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے مطابق شاہین چوک منصوبے میں 48 گرڈرز کی لانچنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ گرڈرز بھی جلد نصب کردیے جائیں گے۔ ریمپ ون کا 85 فیصد جبکہ ریمپ ٹو کا 30 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے۔

اس کے علاوہ منصوبے سے ملحقہ نالوں پر پلوں کی تعمیر اور دیواروں کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کو دن رات جاری رکھ کر طے شدہ ٹائم لائن پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبے کی بیوٹیفکیشن کے لیے دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ، ڈیجیٹل بورڈز اور جدید ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ اسلام آباد میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی، ایندھن اور وقت کی بچت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے گردونواح کے تعلیمی اداروں کے طلباء سمیت عام شہریوں کو سگنل فری، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔چیئرمین نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ریزیڈنٹ انجینئرز کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام تعمیراتی مراحل کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔