چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر جی الیون میں کچی آبادی کے متاثرہ خاندانوں کو پناہ گاہ اور معاوضہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں کچی آبادی میں آپریشن اور مکینوں کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار ملوث ہوا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان وزارت انسانی حقوق کے مطابق وفاقی وزیر انسانی …

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں کچی آبادی میں آپریشن اور مکینوں کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار ملوث ہوا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان وزارت انسانی حقوق کے مطابق وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ ان متاثرہ 75 خاندانوں کو پناہ گاہ مہیا کرنے کے ساتھ معاوضہ بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں نے سی ڈی اے کے چیئرمین اور وزیر داخلہ سے بھی بات کی ہے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا کہا ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ سی ڈی اے چیئرمین نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان متاثرہ خاندانوں کو پناہ گاہ اور معاوضہ چند ہی گھنٹوں میں فراہم کیا جائے گا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ میرے نوٹس پرڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ اس واقعے کے حوالے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور انفورسمنٹ کے متعلقہ عہدیدار کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کے اس فوری رد عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔