اسلام آباد ۔11 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، قومی احتساب بیورو زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر اور علاقائی بیوروز کی وسط مدتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیا جو چیئرمین کی مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے پیش کی۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب ہیڈ کوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز کی معیاری مقداری نظام کے تحت وسط مدتی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کے سینئر ممبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 2017ءکیلئے وسط مدتی انسپکشن کی۔ انہوں نے چیئرمین نیب کو وسط مدتی انسپکشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور نیب ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی بیوروز کی خوبیوں اور خامیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ءمیں قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے جہاں نیب میں بہت ساری اصلاحات متعارف کرائیں وہاں انہوں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر اور نیب ہیڈکوارٹرز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا۔