چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا قومی شناخت میں فنونِ لطیفہ اور ثقافت کی اہمیت پر زور

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جب کسی معاشرے سے فنونِ لطیفہ اور ثقافت کو ختم کر دیا جائے تو وہ معاشرہ اپنی اصل شناخت کھو دیتا ہے اور پھر وہ ایک مہذب قوم کی بجائے ایک بے سمت اور آسانی سے متاثر ہونے والا ہجوم بن جاتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہنرکدہ …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جب کسی معاشرے سے فنونِ لطیفہ اور ثقافت کو ختم کر دیا جائے تو وہ معاشرہ اپنی اصل شناخت کھو دیتا ہے اور پھر وہ ایک مہذب قوم کی بجائے ایک بے سمت اور آسانی سے متاثر ہونے والا ہجوم بن جاتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہنرکدہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ خصوصی آرٹ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں وہ مہمانِ خصوصی تھے۔ثقافتی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اگرچہ آج کل گفتگو زیادہ تر سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے لیکن زندہ قومیں اپنی پہچان فنون، ثقافت، تہذیب اور تمدن سے حاصل کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اکثر بین الاقوامی مثالیں دیتے ہیں خصوصاً امریکہ کی جہاں تاریخی مقامات کے لئے 300 کلومیٹر کے فاصلے سے ہی سائن بورڈز اور رہنمائی موجود ہوتی ہے جن پر ان مقامات کی تاریخ اور قدامت کے بارے میں تفصیلات درج ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں بعض مقامات کو صرف 200 سال پرانا ہونے کے باوجود بہت قدیم سمجھا جاتا ہے جبکہ 500 سال پرانے مقامات کو تاریخی ورثہ قرار دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تاریخی ورثہ تقریباً 9,500 سال پر محیط ہے جسے محفوظ کرنا، فروغ دینا اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔