چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی )رانا مشہود احمد خان نے یومِ دفاع پاکستان پر شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔پی ایم وائی پی سے اتوار کو جاری خصوصی پیغام میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 6 ستمبر …
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا یومِ دفاع پاکستان پر شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی )رانا مشہود احمد خان نے یومِ دفاع پاکستان پر شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔پی ایم وائی پی سے اتوار کو جاری خصوصی پیغام میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا قابلِ فخر باب اور قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی،ان کی بہادری، حب الوطنی اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ چیئرمین پی ایم وائی پی نے کہا کہ شہدا کے خاندان پوری قوم کی عزت، احترام اور تشکر کے مستحق ہیں۔ انہوں نے معرکۂ حق میں پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ چیئرمین پی ایم وائی پی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت اور مسلح افواج کے عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے جذبے کو آگے بڑھانے کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، نوجوان قومی ہیروز کی قربانیوں سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے تعلیم، ہنر، جدت اور محنت کے ذریعے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے تعلیم یافتہ، ہنرمند، بااعتماد اور بااختیار نوجوان نسل ناگزیر ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ قومی چیلنجز کے دوران عوام اور مسلح افواج کا اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اتحاد اور قومی عزم کے ساتھ پاکستان ہر چیلنج پر قابو پاتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کےلئے بہترین خراجِ عقیدت مضبوط، پُرامن، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے۔رانا مشہود احمد خان نے پیغام کے آخر میں پاکستان کے امن، سلامتی اور خوشحالی، مسلح افواج کے جوانوں کی حفاظت اور شہدا کے خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی ۔








