چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی قومی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے خصوصی ملاقات

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے خصوصی ملاقات کی اور اہم مقابلے سے قبل ان کا حوصلہ بلند کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ٹیم کے عزم، تیاری اور کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط …

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے خصوصی ملاقات کی اور اہم مقابلے سے قبل ان کا حوصلہ بلند کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ٹیم کے عزم، تیاری اور کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں ٹیم پر مرکوز ہیں اور انہیں یقین ہے کہ قومی کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میدان میں مثبت سوچ، باہمی ہم آہنگی اور دباؤ میں درست فیصلے ہی کامیابی کی ضمانت بنتے ہیں۔ محسن نقوی نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ ہر سطح پر کھلاڑیوں کو مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ سمیت تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف اس موقع پر موجود تھے۔

کپتان سلمان آغا نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ٹیم متحد ہو کر میدان میں اترے گی اور قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بھرپور توجہ اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ مقابلوں کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ٹیم کے انتظامی امور، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور آئندہ شیڈول پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے اختتام پر چیئرمین پی سی بی نے ایک بار پھر کھلاڑیوں کے حوصلے کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ٹیم ملک کا وقار بلند کرنے کے لیے بھرپور صلاحیت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ٹیم کے کھلاڑی بھی پرعزم دکھائی دیے اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ متحد ہو کر بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔