چیئرمین پی سی بی کی قوم کو سال نو کی مبارکباد، 2026 میں عوام کی خدمت کا مشن پہلے سے زیادہ زور و شور سے جاری رہے گا، محسن نقوی

لاہور۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پوری قوم کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیاہے۔پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سال2025 میں عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ، اللہ کے فضل سے 2026 میں عوام کی خدمت …

لاہور۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پوری قوم کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیاہے۔پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سال2025 میں عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ، اللہ کے فضل سے 2026 میں عوام کی خدمت کا مشن پہلے سے زیادہ زور و شور سے جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ2025 پاکستان کا دفاعی لحاظ سے تاریخ ساز سال رہا اورچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت میں پاک فوج نے کئی گنا طاقتور دشمن کا غرور خاک میں ملایا،پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور پوری قوم نے مثالی اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ2025 میں دفاع وطن اور قیام امن کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں،پاکستان کی بنیادوں کو شہدا نے اپنے قیمتی لہو سے مضبوط سے مضبوط تر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امن، استحکام وخوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لیے عزم،حوصلے اور یکجہتی کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کیا جائے گا،2025 میں پاکستان نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کیں جو کھلاڑیوں کی محنت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا کامیاب انعقاد پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت تھی،فیصل آباد میں17 سال بعد کرکٹ کی واپسی نے نہ صرف شائقین کے جوش میں اضافہ کیا بلکہ پی سی بی کے پیشہ وارانہ انتظامات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھماکے کے بعد سری لنکن سیریز اور ٹرائی نیشن سیریز کا محفوظ انعقاد ایک بڑا امتحان تھا جو سکیورٹی فورسز کی انتھک کاوشوں سے کامیاب رہا۔ یہ کامیابیاں 2025 میں پاکستان کرکٹ کے سفر کا مضبوط سنگِ میل ثابت ہوئیں۔ نئے سال میں پاکستان کرکٹ کو مزید مستحکم، منظم اور پائیدار بنانے پر مکمل توجہ دی جائے گی۔

ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان مضبوط ربط قائم کر کے معیار کو اور زیادہ بلند کیا جائے گا۔ اعلی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی میرٹ پر حوصلہ افزائی اور سپورٹ کو یقینی بنایا جائے گا،2026 کے دوران سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن،سہولیات میں بہتری اور نئے وینیوز کی شمولیت ترجیح ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے نئے سال میں قومی ٹیم کے لئے مزید کامیابیوں اور ایونٹس میں بہتر کارکردگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ2026 پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار مقام دلانے کا سال ہوگا ۔