چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی مراکش کے سفیرمحمد کارمونی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) اعلٰیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان، مراکش کے ساتھ تعلیمی روابط و تعلقات استوار کرنے کے لئے اقدامات کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے اعلٰی تعلیمی اداروں کے درمیان اعلٰی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔یہ بات چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے پاکستان میں مراکش کے سفیرمحمد کارمونی سے اُن کی ایچ ای سی آمد کے …

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) اعلٰیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان، مراکش کے ساتھ تعلیمی روابط و تعلقات استوار کرنے کے لئے اقدامات کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے اعلٰی تعلیمی اداروں کے درمیان اعلٰی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔یہ بات چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے پاکستان میں مراکش کے سفیرمحمد کارمونی سے اُن کی ایچ ای سی آمد کے موقع پرملاقات کے دوران کہی ۔ ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ ایچ ای سی، مراکش کے سفارتخانے کے ذریعے مراکش کی وزارت برائے اعلٰی تعلیم و سائنسی تحقیق کے ساتھ روابط استوار کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلہ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پرمراکش کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کئی شعبوں بشمول تعلیم میں باہمی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا بھر کے ممالک کے فاصلوں کو سمیٹ کر رکھ دیا ہے اس لئے دونوں ممالک کے فاصلے دوطرفہ تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ ڈاکٹر بنوری جن کے پاس کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کا اضافی چارج بھی ہے، نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے رُکن ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ ایچ ای سی کے آئسیسکو ، رباط کے ساتھ اچھے روابط ہیں جنہیںدوطرفہ تعلیمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مزید مضبوط بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور مراکش کی جامعات کو مختلف شعبہ جات جیسے پانی، غذائی تحفظ اور توانائی میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو اعلٰی تعلیم و تحقیق کے شعبہ جات کے حوالے سے مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔