اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بدھ کو ہری پورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک عمیر خالد، ایگزیکٹو ممبر سید احمد جان سکندر اور دیگر ایگزیکٹو اراکین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر کے زیر اہتمام ہینڈی کرافٹس کی نمائش کا بھی …
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا ہری پورچیمبر کا دورہ،ہینڈی کرافٹس کی نمائش کا مشاہدہ
اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بدھ کو ہری پورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک عمیر خالد، ایگزیکٹو ممبر سید احمد جان سکندر اور دیگر ایگزیکٹو اراکین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر کے زیر اہتمام ہینڈی کرافٹس کی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جہاں خواتین کی جانب سے ہاتھ سے تیار کردہ مختلف مصنوعات بالخصوص ملبوسات اور دیگر دستکاریاں نمائش کیلئے پیش کی گئی تھیں۔
انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور تیار کردہ مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور میں منعقدہ صنف آہن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد خواتین کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بااختیار بنانے کے اقدامات کو اجاگر کرنا تھا تاکہ وہ قومی اور عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مقامی ہنرمند خواتین کے کام کو سراہتے ہوئے مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ درست سائزنگ، رنگوں کے مناسب انتخاب، پیکجنگ اور منصفانہ قیمت کے تعین سے یہ مصنوعات قومی و عالمی منڈی میں بہتر مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو سمارٹ فونز کے موثر استعمال، عالمی رجحانات اور جدید طریقۂ کار اپنانے کی تلقین کی اور چیمبر آف کامرس کو خواتین کی صلاحیت سازی کے لیے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز دی۔
چیئرپرسن نے کہا کہ ہنرمند خواتین کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملنا چاہیے اور ریٹیلرز کو منافع پر اجارہ داری کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہری پور کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا اور کاروباری برادری کی خدمات کو سراہا جو علاقے کی معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے پی بی آئی ایس پی الف جان آفریدی، بی آئی ایس پی کے بینظیر ہنرمند پروگرام کی ٹیم، پیپلز پارٹی ہری پور کے صدر جہاں زیب خان جبکہ مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔








