چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد سے ملاقات ،انسانی ہمدردی اور خدمت کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے سمیت دیگر امور پر گفتگو

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان (پی آر سی ایس) کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے جنیوا میں پاکستان مشن میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد انسانی ہمدردی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا تھا۔ ملاقات میں عالمی فنڈنگ کی بدلتی ہوئی صورتحال ، انسانی ہمدردی کی راہ میں …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان (پی آر سی ایس) کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے جنیوا میں پاکستان مشن میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد انسانی ہمدردی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا تھا۔

ملاقات میں عالمی فنڈنگ کی بدلتی ہوئی صورتحال ، انسانی ہمدردی کی راہ میں حائل چیلنجز اور پاکستان میں موثر امدادی سرگرمیوں اور آفات کے بعد بحالی کے اقدامات کی توثیق اور تعاون کے لیے ہم آہنگی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے مخیر حضرات ،امدادی اداروں اور شراکت داروں تک رسائی بڑھانے کے لیے عالمی پلیٹ فارمز کے موثر استعمال پر بھی بات چیت کی تاکہ کمزور طبقات کے لیے امداد کے معیار اور دائرہ کار کو بہتر بنایا جا سکے۔

ملاقات میں اقوام متحدہ کے نظام اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ بروقت، مربوط اور ضرورتوں پر مبنی انسانی ہمدردی کے ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے پاکستان میں معتبر انسانی ہمدردی کے ادارے کے طور پر ہلال احمر پاکستان کے کردار سے متعلق بھی بتایا۔ فرزانہ نائیک نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو متحرک کرنے کے لیے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کے ساتھ قریبی رابطہ اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے مخیر حضرات اور اداروں تک رسائی بڑھے گی اور موثر انسانی ہمدردی اقدامات کے ذریعے کمزور طبقات کی مدد اور خدمت کے لیے اجتماعی کوششیں مزید مستحکم ہوں گی۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہلال احمر پاکستان اور اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مشن انسانی ہمدردی کے مقاصد اور آفات سے نمٹنے کے اقدامات کی حمایت کے لیے مستقبل میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔