چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کا پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ

چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کا پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ

راولپنڈی ۔29اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)ہلال جرأت نے واہ میں قائم پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) کا دورہ کیا۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے پی او ایف کی پیداواری ، برآمدی صلاحیت اور ملک کے دفاع میں صنعت کے کردار کی شراکت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو پی او ایف کے آپریشنز کے مختلف پہلوئوں اور مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی مقامی سطح پر ترقی اور پیداوار کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے حوالے سے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ اسلحہ اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی جدت ، خود انحصاری اور پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد کارپوریٹائزیشن کے عمل کی پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل کو دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے ذریعے مقامی سطح پر مصنوعات کی تیاری اور اپ گریڈیشن کاوشوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جن کی پیداوار رواں سال کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا یہ دورہ پاکستان کے دفاع شعبہ میں خود انحصاری ، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے حوالے سے پاک فوج کے عزم کو اجاگرکرتاہے۔

مزید خبریں