چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

پنجاب حکومت نے 20 ستمبر کو منعقد ہونے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے فول پروف سکیورٹی و انتظامی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے 20 ستمبر کو منعقد ہونے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے فول پروف سکیورٹی و انتظامی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت 15 شہروں میں 31 امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ٹیسٹ میں 49 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام امتحانی مراکز کی سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے سی سی ٹی وی کیمروں سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جعلی امیدواروں کے خاتمے کے لیے موقع پر نادرا کے ذریعے فوری بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔ 20 ستمبر کو صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں سخت سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ رہے گی۔چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ کہ امتحانی مراکز پر واک تھرو گیٹس، اسکینرز کی تنصیب، بلاتعطل بجلی کی فراہمی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کیمپس کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین کے لیے سایہ دار جگہوں اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی کا خاص انتظام کرنے کا حکم بھی دیا۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام 15 اضلاع کے 31 سینٹرز میں 49 ہزار سے زائد امیدوار اس ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ جن شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولنگر، میانوالی، لیہ، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، ساہیوال، سیالکوٹ اور گجرات شامل ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایم ڈی سیف سیٹیز اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔