کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ گرین بس میں سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نعمت اللہ ترین، متعلقہ آپریٹنگ کنسلٹنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی
کوئٹہ گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے 17مزید الیکٹرانک بسیں فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی،کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ گرین بس میں سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نعمت اللہ ترین، متعلقہ آپریٹنگ کنسلٹنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آپریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو کوئٹہ گرین بس سروس کے مختلف امور، روٹس، بس اسٹاپس، آپریشنل نظام اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سفری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں 25 گرین بسیں فعال ہیں، جن میں سے 4 بسیں خصوصی طور پر خوسد اتین کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ خواتین کے لیے مختص بسوں پر خواتین اسٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ہے، تاکہ خواتین مسافروں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔حکام نے بتایا کہ گرین بس سروس کوئٹہ شہر میں چار مختلف روٹس پر صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک چلائی جا رہی ہے۔ مختلف روٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے متعدد بس اسٹاپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق کچلاک روٹ پر تقریباً 40 بس اسٹاپس جبکہ میٹروپولیٹن سے سریاب روڈ تک کے روٹ پر 50 بس اسٹاپس قائم کیے گئے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گرین بس سروس کا دائرہ کار کوئٹہ کے علاوہ تربت تک بھی بڑھایا گیا ہے، جہاں چار بسیں چلائی جا رہی ہیں۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گرین بس اسٹاپس پر شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بس سروس کو شہریوں کے لیے مزید آسان، قابلِ اعتماد اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مسافروں کے لیے موبائل ایپ، بسوں کی لائیو لوکیشن، روٹس اور آمد و روانگی کے اوقات سے متعلق معلومات کی فراہمی کا مؤثر نظام وضع کیا جائے، تاکہ شہری اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں اور انہیں بس کے انتظار میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے آپریٹنگ فرم کے حکام کو ہدایت کی کہ بس روٹس، بس اسٹاپس، ٹکٹنگ و کرایہ داری کے نظام، بزنس ماڈل، منصوبے کے معاہدے اور آپریشن سے متعلق دیگر ضروری ریکارڈ آئندہ اجلاس میں مکمل طور پر پیش کیا جائے، تاکہ منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔کمشنر ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ گرین بس سروس میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نعمت اللہ ترین کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ کوئٹہ گرین بس سروس کے حوالے سے مانیٹرنگ، روٹس، بس اسٹاپس اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطہ رکھیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ کوئٹہ گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے 17مزید الیکٹرانک بسیں جلد شامل ہونگے جوکہ کویٹہ کے دیگر فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی اس کے علاؤہ گرین بس سروس کو مزید منظم اور شہری دوست بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے اقدامات جاری رکھیں گے۔






