نیشنل بُک فاؤنڈیشن کوئٹہ کے زیرِ اہتمام ہیلپرز سکول بوائز اینڈ گرلز سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایک شاندار میگا ادبی وتعلیمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی
نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ہیلپرز سکول کوئٹہ میں ادبی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن کوئٹہ کے زیرِ اہتمام ہیلپرز سکول بوائز اینڈ گرلز سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایک شاندار میگا ادبی وتعلیمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کاانعقاد قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں جاری تقریبات کے تحت کیا گیا، جس میں مضمون نویسی، کتب بینی اور مباحثے کے مقابلے منعقد ہوئے۔ طلبہ و طالبات نے ان مقابلوں میں نہایت ذوق و شوق اور جوش وخروش سے حصہ لیتے ہوئے اپنی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے قیمتی کتب بطور تحفہ اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں کتب بینی، مطالعہ اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور انہیں کتاب سے جوڑنا ہے۔تقریب میں پرنسپل ہیلپرز سکول بوائز اینڈ گرلز، جناب محمد آصف اختر نے شرکت کی جبکہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کوئٹہ کی جانب سے راحیل احمد بگٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا عملہ اور ہیلپرز سکول و کالج کا انتظامی و تدریسی عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کی جانب سے مقابلوں میں غیر معمولی دلچسپی اور بھرپور شرکت کو سراہا گیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کتاب اور مطالعہ ہی نوجوان نسل کی فکری و علمی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہیں اور تعلیمی اداروں میں کتب بینی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔







