چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کایوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کا خصوصی ٹریفک پلان جاری

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کایوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کا خصوصی ٹریفک پلان جاری

راولپنڈی۔25جون (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی ٹریفک پولیس کے 1100 سے زائد افسران اور جوان مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے دوران شہریوں کو بہترین ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق یوم عاشور کے روز کمیٹی چوک سے اقبال روڈ تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ ڈی اے وی کالج چوک پر ڈائیورشن کے باعث کالج روڈ اور فوارہ چوک کی جانب بھی ٹریفک کا داخلہ محدود رہے گا۔ اسی طرح سٹی صدر روڈ پر مشرق ہوٹل ڈائیورشن کے باعث گاڑیوں کو صدر اور موہن پورہ کی جانب موڑا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سینما چوک پر ڈائیورشن کے باعث کشمیری بازار کی طرف ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا جبکہ شاہ اللہ دتہ روڈ پر بھی متبادل راستوں کے ذریعے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے گی۔

بنی چوک پر مکمل ڈائیورشن نافذ ہو گی اور ٹریفک کو سرکلر روڈ اور کوہاٹی بازار کے راستے گزارا جائے گا۔ ہملٹن چوک اور بانسوالا چوک پر بھی مکمل ٹریفک ڈائیورشن نافذ رہے گی۔ سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق پیر چوہا چوک پر ڈائیورشن لگا کر قدیمی امام بارگاہ بلتستانیہ کی جانب ٹریفک کا داخلہ بند رکھا جائے گا جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں امام بارگاہ یادگار حسینی کے جلوس کے موقع پر دونوں اطراف سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

جلوس کے مختلف مراحل کے دوران ٹریفک کو مرحلہ وار متبادل شاہراہوں پر ڈائیورٹ کیا جاتا رہے گا۔ فرحان اسلم نے کہا کہ یوم عاشور کے دوران ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ راجہ بازار اور جلوسوں کے روٹس کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ٹریفک کی روانی اور امن و امان کے قیام میں شہریوں کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ تمام افسران اور جوانوں کو الرٹ رہنے اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دینے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی بھی کی جائے گی۔