اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) ذوالفقار احمد نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری سے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کو بڑھانے اور صنعتی کارکنوں کی …
چیمبر ، تاجر برادری اور حکومت کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، سردار طاہر محمود

مزید خبریں
اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) ذوالفقار احمد نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری سے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کو بڑھانے اور صنعتی کارکنوں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے اقدامات کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے صدر کو ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے کارکنوں اور ان کے خاندانوں کی بہتری کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات بارے آگاہ کیا، جن میں میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، تعلیمی سہولیات اور ہاؤسنگ کالونی کے منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کی مستحق کارکنوں کی بیٹیوں کے لیے میرج گرانٹ کے تحت 600,000 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سروس کے دوران یا اس کے بعد موت کی صورت میں کارکنوں کے اہل خانہ کو 1,000,000 کی رقم دی جاتی ہے۔ مزید برآں،ڈبلیو ڈبلیو ایف کارکنوں اور ان کے بچوں کے لیے وظائف،سکولوں اور کالجوں میں داخلوں اور پیشہ ورانہ تعلیم تک رسائی کے ذریعے معیاری تعلیمی مواقع فراہم کر رہا ہے۔ ذوالفقار احمد نے ورکرز ویلفیئر فنڈ موبائل ایپلی کیشن اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے جلد آغاز کے بارے میں بھی بتایا جس کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کو بڑھانا ہے۔
اپنے خطبہ استقبالیہ میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی قیادت اور لیبرکمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کارکردگی کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ چیمبر تاجر برادری اور حکومت کے درمیان موثر ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے صنعتی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام معلومات متعلقہ حلقوں میں پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
اپنی طرف سے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری نے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کے وفد میں ڈائریکٹر فنانس گل زمان، ڈائریکٹر میڈیا چوہدری ضمیر اشرف، ڈائریکٹر ریسپٹ اینڈ گورننگ باڈی مسعود رضا اور ڈائریکٹر آڈٹ حافظ جنید سیال شامل تھے۔شرکا میں نمایاں افراد میں سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی، آئی سی سی آئی کے ممبران اسرار مشوانی ، اعزاز محمد اور دیگر شامل تھے۔








