ضلع شہید بینظیرآباد کی 9 یونین کونسلوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز ہوگیا

ضلع شہید بینظیرآباد کی تحصیل سکرنڈ اور قاضی احمد کی 9 یونین کونسلوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے

حیدرآباد۔ 24 اگست (اے پی پی):ضلع شہید بینظیرآباد کی تحصیل سکرنڈ اور قاضی احمد کی 9 یونین کونسلوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سنٹر نواب شاہ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد صدام حسین میمن نے بچوں کو جیٹ انجیکٹر کے ذریعے پولیو بوسٹر ڈوز دے کر مہم کا افتتاح کیا اور بچوں میں تحفے بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی جانب سے بچوں کو فراہم کی جانے والی ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا اور والدین پر زور دیا کہ وہ مقررہ دنوں کے دوران اپنے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز ضرور دلوائیں تاکہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ ساتھ مقررہ عمر کے دیگر بچوں کو بھی پولیو بوسٹر ڈوز ضرور دلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔اس موقع پر ڈاکٹر جاوید قریشی نے بتایا کہ پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے دوران سکرنڈ اور قاضی احمد کی 9 یونین کونسلوں میں مقرر کردہ ٹارگٹ کے تحت بچوں کو جیٹ انجیکٹر کے ذریعے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہم میں دس سال تک کی عمر کے بچوں کو او پی وی جبکہ چار ماہ سے دس سال تک کی عمر کے بچوں کو ایف آئی پی وی پولیو بوسٹر ڈوز جیٹ انجیکٹر کے ذریعے دی جائے گی۔مہم کی کامیابی کے لیے تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ٹیموں کی معاونت کے لیے سوشل موبلائزرز اور دیگر معاون عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ٹیم سپورٹ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ مہم کے دوران ٹیموں کو ضروری سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جاسکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منصور سومرو، پولیو آفیسر علی اکبر جونیجو کے علاؤہ متعلقہ افسران موجود تھے۔