چینی صدر کی سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات

بیجنگ۔9دسمبر (اے پی پی):چین کے صدر شین جن پنگ نےسعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز ریاض میں ہونے والے ملاقات کے دوران صدر پنگ نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ چین اور سعودی عرب کے تعلقات کی ترقی پر جو اہم اتفاق رائے ہوا وہ تعاون کے ٹھوس نتائج میں …

بیجنگ۔9دسمبر (اے پی پی):چین کے صدر شین جن پنگ نےسعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز ریاض میں ہونے والے ملاقات کے دوران صدر پنگ نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ چین اور سعودی عرب کے تعلقات کی ترقی پر جو اہم اتفاق رائے ہوا وہ تعاون کے ٹھوس نتائج میں تبدیل ہو رہا ہے۔

چین اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔ چین سعودی عرب کو کثیر قطبی دنیا میں ایک اہم قوت کے طور پر دیکھتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ جامع تزویراتی شراکت داری کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔چین سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی روابط کو مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے، دونوں ممالک کے ترقیاتی مفادات کی حفاظت کرنے اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ کے دورہ سعودی عرب کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ کا 2016 میں کیا گیا سعودی عرب کا کامیاب دورہ ناقابل فراموش ہے۔ حالیہ برسوں میں سعودی عرب اور چین نے سٹریٹجک ڈاکنگ اور مختلف شعبوں میں تعاون میں شاندار پیش رفت کی ہے اورمختلف معاملات پر اہم اتفاق رائے تک پہنچے ہیں ۔ چین کے مفادات سعودی عرب کے بھی مفادات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لئے سعودیہ- چین جامع تزویراتی شراکت داری کی مسلسل ترقی کو فروغ دینے کے لئے صدر شی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں جو خطے اور دنیا میں امن ، استحکام اور سکون کے حصول کے لئے بھی سازگار ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماوں نےدونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے اور ہر دو سال بعد دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کی ملاقات منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔