اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چین کی نمایاں صنعتی تنظیموں کے 19 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کوبورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاک–چین صنعتی تعاون کو مزید بڑھانا، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور حالیہ دوطرفہ معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ جمیل قریشی نے کی جنہوں نے وفد کو خوش آمدید …
چینی صنعتی تنظیموں کے 19 رکنی وفد کا بورڈ آف انویسٹمنٹ کا دورہ،، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چین کی نمایاں صنعتی تنظیموں کے 19 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کوبورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاک–چین صنعتی تعاون کو مزید بڑھانا، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور حالیہ دوطرفہ معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ جمیل قریشی نے کی جنہوں نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔
سیکرٹری بی او آئی نے وفد کو بتایا کہ حالیہ بیجنگ کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 9.9 ارب ڈالر مالیت کے 167 معاہدوں پر اتفاق ہوا جو پاک–چین سرمایہ کاری تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے بورڈ آف انویسٹمنٹ نے نیا سہولت مرکز فعال کر دیا ہے جس سے منظوریوں کا عمل مزید تیز اور شفاف بنا دیا گیا ہے۔چینی وفد کو خصوصی اقتصادی زونز (سیز) کی ترقی، حکومتی مراعات، پالیسی اصلاحات اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت صنعتی تعاون پر جامع بریفنگ دی گئی۔
وفد نے حکومتی سہولت کاری اقدامات کو سراہتے ہوئے توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور جدید صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اجلاس میں پاک–چین صنعتی تعاون کے دوسرے مرحلے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں صنعتی منتقلی، ٹیکنالوجی کے تبادلے، ماحول دوست اور سمارٹ صنعت اور ڈیجیٹل ترقی کو کلیدی شعبے قرار دیا گیا۔ دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان خطے کا قدرتی صنعتی و تجارتی مرکز بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چینی کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت کی یقین دہانی کرائی، جبکہ چینی وفد نے پاکستان کے بہتر ہوتے کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا۔سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کو عملی شکل دینے کا سلسلہ تیز رفتار انداز میں جاری رہے گا۔








