چینی پولیس کے وفد کا سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):چینی پولیس افسران کے ایک وفد نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کے سیف سٹی اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔اتوار کو حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی جی) سیف سٹی/ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ ، ڈائریکٹر آئی ٹی عاطف عباس، ڈائریکٹر سسٹم فراز میمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیف سٹی عباس مہدی بھی اس موقع …

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):چینی پولیس افسران کے ایک وفد نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کے سیف سٹی اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔اتوار کو حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی جی) سیف سٹی/ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ ، ڈائریکٹر آئی ٹی عاطف عباس، ڈائریکٹر سسٹم فراز میمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیف سٹی عباس مہدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے دوران چینی پولیس افسران کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، پولیس آپریشن سینٹر ہال اور سیف سٹی سسٹم کے دیگر بنیادی اجزاء بشمول جدید ترین سرویلنس کیمرہ نیٹ ورکس کا مشاہدہ کرایا گیا۔ وفد کو آپریشنل میکانزم، تکنیکی صلاحیتوں اور نظام کی مجموعی تاثیر کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

حکام نے وفد کو بتایا کہ سیف سٹی اسلام آباد پولیس آپریشن سنٹر، ایمرجنسی کنٹرول سنٹر، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن، ڈسپیچ کنٹرول سنٹر، ای چالان سسٹم اور "Pucar-15” ایمرجنسی ہیلپ لائن سمیت مختلف جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے پولیسنگ اور عوامی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

چین کے وفد کو وفاقی دارالحکومت میں نصب سیف سٹی سرویلنس کیمروں کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو جرائم کی روک تھام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

چینی پولیس وفد کو مزید بتایا گیا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نصب چہرے کی شناخت کرنے والے کیمرے مشکوک افراد کی شناخت اور ٹریکنگ میں مؤثر طریقے سے معاونت کر رہے ہیں۔

چینی پولیس کے وفد نے اسلام آباد پولیس کے جدید تکنیکی ڈھانچے کو سراہا اور شہری تحفظ کو یقینی بنانے میں اس کی کاوشوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے ڈی جی سیف سٹی/ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ اور ان کی ٹیم سے جامع اور معلوماتی دورہ کرانے پر اظہار تشکر بھی کیا۔