چین میں ایکسپریس وے پر 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں

97
چین

بیجنگ۔23فروری (اے پی پی):چین کے شہر سوزو میں ایک ایکسپریس وے کے برفیلے حصے پر 100 سے زائد کاروں کے آپس میں ٹکرانے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق سوزو انڈسٹریل پارک ٹریفک پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ سوزو ایکسپریس وے کے ایک حصے میں متعدد گاڑیاں سڑک پر برفباری کی وجہ سے پھسلن کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی اور متعدد کو معمولی خراشیں آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے سڑک پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے چین کے بڑے حصے سردی کی لہروں، برفانی طوفانوں اور برفیلی بارش کی زد میں ہیں،

جس سے ٹرانسپورٹ متاثر ہو رہی ہے اور چین کی موسمیاتی انتظامیہ نے کئی وسطی اور جنوبی علاقوں میں منجمد اور کم درجہ حرارت کی وارننگ برقرار رکھی ہے۔واضح رہے کہ چینی محکمہ موسمیات کی وارننگ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 260 سے زیادہ ہوائی اڈوں میں سے 34 نے دھند اور برف باری کی وارننگ جاری کی ہیں۔