بیجنگ ۔23مارچ (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفارتخانے میں پیر کو یومِ پاکستان نہایت شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتخانے کے اہلکاروں، پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔پیر کو بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب …
چین میں پاکستان کے سفارتخانے میں یومِ پاکستان منایا گیا

مزید خبریں
بیجنگ ۔23مارچ (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفارتخانے میں پیر کو یومِ پاکستان نہایت شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتخانے کے اہلکاروں، پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔پیر کو بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے دوران صدرِ ، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر خلیل ہاشمی نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے پیش کردہ تین بنیادی اصولوں—اتحاد، ایمان اور تنظیم—کی مسلسل اہمیت پر زور دیا اور انہیں قومی ترقی اور سلامتی کے باہمی مضبوط ایجنڈے کے لیے بنیادی ستون قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سفیرخلیل ہاشمی نے کہا کہ سال 2026 دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قومی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ 21 ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور اس کوشش کو چین کے ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) وسائل سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی، تحقیقی اور کاروباری مواقعوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی، جدید صنعتوں، زراعت اور عوامی روابط کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








