فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے ویزا فراڈ کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شہری کے 41 لاکھ روپے برآمد کروا کر اسے واپس لوٹا دیئے۔ ملزم نے یہ رقم ہانگ کانگ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر ہتھیائی تھی
ایف آئی اے کی موثر کارروائی، ہانگ کانگ ورک ویزا فراڈ کے متاثرین کے 41 لاکھ روپے واپس

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے ویزا فراڈ کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شہری کے 41 لاکھ روپے برآمد کروا کر اسے واپس لوٹا دیئے۔ ملزم نے یہ رقم ہانگ کانگ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر ہتھیائی تھی۔ ایف آئی اے نے انکوائری کے ابتدائی مرحلے میں ہی یہ اہم کامیابی حاصل کر لی۔متاثرہ شہری محمد منیر نے ایف آئی اے کو شکایت درج کروائی تھی کہ عمران فاروق نامی ویزا ایجنٹ نے سال 2022ء میں انہیں اور ان کے رشتہ داروں کو ہانگ کانگ کے ورک ویزے دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس مد میں ملزم نے 41 لاکھ روپے کی خطیر رقم وصول کی تاہم ملزم نے نہ تو وعدے کے مطابق ویزے فراہم کیے اور نہ ہی رقم واپس کی۔شکایت کی ابتدائی تصدیق کے بعد 3 جون 2026ء کو انسپکٹر اقرا جہانگیر کو باقاعدہ انکوائری (نمبر 574/26) تفویض کی گئی۔ انکوائری کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے موثر اور تیز ترین اقدامات کے باعث ملزم عمران فاروق سے مکمل رقم برآمد کروا لی گئی۔ یہ رقم شکایت کنندہ محمد منیر کے حوالے کر دی گئی ہے اور اب دونوں فریقین کے مابین باضابطہ طور پر تصفیہ نامہ بھی تحریر کر لیا گیا ہے۔ اس کامیاب کارروائی کے حوالے سے ایف آئی اے اسلام آباد زون نے عوام کو یقین دہانی کروائی ہے کہ شہریوں کو جعلی ٹریول ایجنٹس اور ویزا فراڈ سے بچانے کے لیے ادارہ ہمہ وقت متحرک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی تمام شکایات پر انتہائی سنجیدگی سے کارروائی کی جائے گی تاکہ شہریوں کے حقوق اور ان کے محنت کی کمائی کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔







