چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کا دوسرا مرحلہ اتوار سے موثر العمل ہو گیا ، پاکستانی کارخانہ داروں اور تاجروں کو چین کی منڈیوں میں صفر ڈیوٹی کی شرح پر 313 نئی مصنوعات کی برآمدات کا موقع ملے گا

بیجنگ ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) چین پاکستان آزاد تجارت کے معاہدے (سی پی ایف ٹی اے) کا دوسرا مرحلہ اتوار سے موثر العمل ہو گیا ہے جس سے پاکستانی کارخانہ داروں اور تاجروں کو چین کی منڈیوں میں صفر ڈیوٹی کی شرح پر 313 نئی مصنوعات کی برآمدات کا موقع ملے گا۔ ذرائع نے اتوار کو یہاں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے اس معاہدے …

بیجنگ ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) چین پاکستان آزاد تجارت کے معاہدے (سی پی ایف ٹی اے) کا دوسرا مرحلہ اتوار سے موثر العمل ہو گیا ہے جس سے پاکستانی کارخانہ داروں اور تاجروں کو چین کی منڈیوں میں صفر ڈیوٹی کی شرح پر 313 نئی مصنوعات کی برآمدات کا موقع ملے گا۔ ذرائع نے اتوار کو یہاں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے اس معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کے لئے تمام قانونی تقاضوں اور شرائط کو مکمل کر لیا ہے۔ پاکستان اور چین دونوں ممالک نے وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ دورہ چین کے دوران اس معاہدے پر عملدرآمد کے لئے پروٹوکول پر دستخط کیے تھے جس کے تحت پاکستان کو 313نئی اشیاء کی درآمد پر رعایت حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان 2006ء میں دستخط ہونے والے پہلے آزاد تجارت کے معاہدے کے تحت 742مصنوعات کی برآمد پر صفر ڈیوٹی کی رعایت سے مستفید ہو رہا ہے۔ آزاد تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کے بعد پاکستان کو صفر ڈیوٹی شرح پر چین کے لئے 1047مصنوعات کی برآمد کی اجازت مل جائے گی۔ اس نئی سہولت سے خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبہ کو فائدہ ہو گا۔ اس کے علاوہ چمڑے کی مصنوعات، زراعت کے شعبوں اور مٹھائیاں و بسکٹ تیارکنندگان کو بھی فائدہ ہو گا اور وہ پاکستانی مصنوعات چین کو برآمد کر سکیں گے۔

مزید خبریں