چین کا امریکا سے وینزویلا مخالف مہم فوری بند کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):چین نے امریکا سے وینزویلا مخالف مہم فوری بند کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ شنہوا کے مطابقاقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف کارروائی کے بہانے وینزویلا کے خلاف اپنی مہم فوری طور پر بند کرے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےچینی مندوب نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا کے ساحل …

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):چین نے امریکا سے وینزویلا مخالف مہم فوری بند کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ شنہوا کے مطابقاقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف کارروائی کے بہانے وینزویلا کے خلاف اپنی مہم فوری طور پر بند کرے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےچینی مندوب نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب بحیرۂ کیریبین میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر رکھا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پابندیاں، ناکہ بندیاں اور فوجی دھمکیاں بھی بڑھائی جا رہی ہیں۔

ان کے مطابق امریکی اقدامات کے نتیجے میں وینزویلا کے بحری جہاز ڈبوئے گئے، عملے کے ارکان ہلاک ہوئے اور تیل بردار جہاز ضبط کیے گئے۔چینی مندوب نے کہا کہ امریکا کی جانب سے وینزویلا کی حکومت کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینا، وینزویلا کی زمین، تیل اور اثاثوں پر دعویٰ کرنا اور حتیٰ کہ فوجی حملوں کی دھمکیاں دینا خطے میں کشیدگی کا باعث بن رہا ہے، جس پر علاقائی ممالک اور عالمی برادری کو شدید تشویش لاحق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات دوسرے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں اور لاطینی امریکہ و کیریبین میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خطے سمیت دنیا کے دیگر ممالک بھی امریکی اقدامات پر گہری تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کر چکے ہیں۔

ان کے مطابق ایک خودمختار ریاست کے طور پر وینزویلا کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ باہمی فائدے پر مبنی تعاون کرے اور اپنے جائز مفادات کا دفاع کرے، جس کا احترام عالمی برادری کو کرنا چاہیے۔چینی مندوب نے واضح کیا کہ چین یکطرفہ اقدامات اور طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے، ممالک کی خودمختاری اور وقار کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور وینزویلا کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت، غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں اور طویل بازو کے اختیار کو مسترد کرتا ہے۔

سن لی نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی برادری کی آواز سنے، ایسے اقدامات بند کرے، بین الاقوامی قانون کے تحت جہاز رانی کی سلامتی اور قانونی حقوق کا احترام کرے، غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں ختم کرے اور لاطینی امریکہ و کیریبین میں امن، استحکام اور ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکا اور کیریبین عالمی جنوب کا اہم حصہ ہیں اور امن و ترقی کے لیے ایک مؤثر قوت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چین خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر تعاون، یکجہتی، انصاف اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں