بیجنگ۔26جنوری (اے پی پی):چینی وزارت تجارت کے شعبہ تعاون کے انچارج نے کہا ہے کہ 2024 میں چین کے غیر ملکی سرمایہ کاری تعاون کو مستقل ترقی حاصل ہو ئی ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق 2024 میں غیر ملکی غیر مالیاتی براہ راست سرمایہ کاری 143.85 ارب ڈالر تھی جو 2023 کے مقابلے میں 10.5 فیصد زیادہ ہے۔
غیر ملکی کنٹریکٹ شدہ منصوبوں کا ٹرن اوور 165.97 بلین ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.1 فیصد زیادہ ہے۔ توانائی کی بچت، ماحولیاتی تحفظ اور شفاف توانائی کے منصوبوں کے نئے معاہدے کی قیمت 49.26 بلین ڈالر تھی جس میں 12.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
بیلٹ اینڈ روڈ میں شامل ممالک میں چینی کاروباری اداروں کی غیر مالیاتی براہ راست سرمایہ کاری 33.69 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.4 فیصد زیادہ ہے۔ غیر ملکی معاہدوں کے منصوبوں کی نئی کنٹریکٹ ویلیو 232.48 ارب ڈالر اور ٹرن اوور 138.76 ارب ڈالر رہا، جس نے اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔