اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے چینی حکومت اور شنگھائی حکومت کے سکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لئے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھایا جائے گا۔ ایچ ای سی کے مطابق ماسٹرز ڈگری پروگرامز …
چین کی معروف فودان یونیورسٹی میں پاکستانی طلباء کے لئے سکالرشپس کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے چینی حکومت اور شنگھائی حکومت کے سکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لئے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھایا جائے گا۔ ایچ ای سی کے مطابق ماسٹرز ڈگری پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست، صحافت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز میں فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے مضامین پیش کئے جا رہے ہیں۔
سکالرشپ کے تحت منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ (ماسٹرز کے لئے 3,000 آر ایم بی اور پی ایچ ڈی کے لیے 3,500 آر ایم بی تک) کے علاوہ جامع طبی انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اہلیت کے مطابق درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا اور درست پاسپورٹ کا حامل ہونا ضروری ہے۔ ماسٹرز کے امیدواروں کے لئے بیچلرز جبکہ پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لئے ماسٹرز ڈگری لازمی ہے۔ انگریزی زبان کی مہارت کے لئے آئی ای ایل ٹی ایس (6.5 یا اس سے زائد)، ٹوفل، ڈوولنگو یا پی ٹی ای کی شرط رکھی گئی ہے تاہم وہ امیدوار مستثنیٰ ہوں گے جن کی سابقہ تعلیم مکمل طور پر انگریزی میں ہو۔
پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لئے سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازم قرار دی گئی ہے۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار درخواست سے متعلق مکمل رہنمائی ایچ ای سی کی ویب سائٹ جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ ایچ ای سی نے اہل پاکستانی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس قیمتی بین الاقوامی تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔








