چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ کی پاکستانی سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سے ملاقات

نسٹ میں

بیجنگ ۔18مارچ (اے پی پی):چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے بیجنگ میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سے ملاقات کی۔ ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چھن گانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آزمودہ دوستی نے تاریخ اور بین الاقوامی حالات کے نشیب و فراز دیکھے ہیں ۔

چین اپنے بنیادی مفادات سے متعلق امور کے حوالے سے بھرپور حمایت پر پاکستان کا شکر گزار ہے، چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنمائوں کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، دوستانہ تعاون کو مضبوط بنانے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہت تعاون میں مزید پیش رفت کے لیے تیار ہے۔

اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے اہم دوطرفہ تعلقات کے طور پر دیکھتا ہے، ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور چین کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے، بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔