چین کے نائب وزیرِ اعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ 2 سے 4 ستمبر تک روس کا دورہ کریں گے۔
چین کے نائب وزیرِ اعظم 2 سے 4 ستمبر تک روس کا دورہ کریں گے

مزید خبریں
بیجنگ۔31اگست (اے پی پی):چین کے نائب وزیرِ اعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ 2 سے 4 ستمبر تک روس کا دورہ کریں گے۔
سی جی ٹی این کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے پیر کو پریس بریفنگ میں اعلان کیا کہ روسی حکومت کی دعوت پر نائب وزیرِ اعظم ڈنگ شوئے شیانگ 2 سے 4 ستمبر تک روس کا دورہ کریں گے،اس دوران وہ 11 ویں ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے،اس کے علاوہ چین۔روس سرمایہ کاری تعاون کمیٹی کا 13واں اجلاس، توانائی تعاون کمیٹی کا 23 واں اجلاس اور آٹھواں چین روس انرجی بزنس فورم بھی منعقد ہوگا۔
ا نہوں نے کہا کہ رواں سال چین اور روس کے درمیان سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کے قیام کی 30ویں سالگرہ اور چین روس اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے پر دستخط کی50 ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین روس کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سربراہانِ مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ نئے دور میں چین روس جامع سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مزید اعلیٰ سطح تک لے جایا جا سکے اور دونوں ممالک کے عوام کو مشترکہ طور پر فائدہ پہنچایا جا سکے۔








