چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی شیائو پینگ کو بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں ہلال پاکستان سے نوازا گیا

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):صدر پاکستان کی جانب سے چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی شیائو پینگ کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز ”ہلال پاکستان“ سے نوازا گیا۔ اس سلسلہ میں بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین کے وزیر ٹرانسپورٹ کو ”ہلال پاکستان“ سے نوازا۔ تقریب میں چینی وزارت ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ حکام، میڈیا تنظیموں کے نمائندوں اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے شرکت کی۔

لی شیائو پینگ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں مرکزی کمیٹی کے رکن ہیں، وہ چین کے سابق وزیر اعظم اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لی پینگ کے فرزند ہیں۔ لی شیائو پینگ چین پاکستان دوستی کے پرجوش حامی ہیں اور انہوں نے سی پیک کے فریم ورک کے تحت پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عمل درآمد کی قیادت کی ہے۔

پاکستان کے سفیر معین الحق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لی شیائو پینگ کو پاکستان چین دوستی کو مضبوط بنانے کی کوششوں اور پاکستان میں سڑکوں کے رابطے کے اہم منصوبوں کی تکمیل کیلئے ان کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان کے سماجی اور اقتصادی ترقی کے ویژن کا ایک مرکزی ستون ہے اور یہ دونوں ممالک اپنی قیادت کے تصور کے مطابق اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔

پاکستان کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے سابق وزیر اعظم لی پینگ کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے رہنمائوں کی انتھک کوششوں کا ثمر ہے اور اس کی طاقت متفقہ عوامی اور ادارہ جاتی تعاون سے حاصل ہوئی ہے۔

لی شیائو پینگ نے سول ایوارڈ سے نوازنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر جاری رہے گی اور چین سی پیک کے تحت چلنے والے اہم ٹرانسپورٹ منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کیلئے ان کی وزارت پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی۔