ڈاکٹرسرفراز نعیمی کا یوم شہاد ت عقیدت واحترام کیساتھ منایا گیا

ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدکا17واں یوم شہادت عقیدت احترام سے منایا گیا۔سینکڑوں علما کرام،طلبہ اورعقیدت مندوں نے مزار پرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی اورشہید کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں

لاہور۔12جون (اے پی پی):ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدکا17واں یوم شہادت عقیدت احترام سے منایا گیا۔سینکڑوں علما کرام،طلبہ اورعقیدت مندوں نے مزار پرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی اورشہید کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

ترجمان کے مطابق ناظمِ اعلی دارالعلوم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے سرزمینِ حرمین شریفین میں شہدائے جامعہ نعیمیہ کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کرائیں۔جمعتہ المبارک کے موقع پر مساجد و مدارس میں علمائے کرام نے اپنے خطبات میں ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی دینی، علمی اور ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا،علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہاکہ ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کی حیات وکردار سے ہمیں حق کیلئے ڈٹ جانے کادرس ملتاہے۔ڈاکٹر سرفراز نعیمی نے ملک و ملت کے تحفظ کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔دہشت گردی کیخلاف ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کے تاریخ ساز فتوی سے پوری قوم کودین وملت دشمنوں کے سامنے کھڑا ہونے کاحوصلہ ملا۔علمائے کرام نے کہا کہ ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف دوٹوک موقف اختیار کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے حق و صداقت کی روشن مثال قائم کی۔ان کی علمی،فکری اور قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شہید ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی کے فکر و فلسفہ، اعتدال پسندی، حب الوطنی اور دینی خدمات کو نئی نسل تک پہنچایا جائے گا تاکہ معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ مل سکے۔ جامعہ نعیمیہ میں مفتی جاوید ہاشمی،جامع مسجد چوک دالگراں میں مفتی فیصل ندیم شازلی،المرکزی الاسلامی میں مفتی حسیب قادری،مصری شاہ میں مفتی ندیم قمر،پاک ویو میں مفتی علی رضا صابری،جامعہ ام اشرف جمال یوحنا آباد میں مولانا امداد اللہ نعیمی،نواب ٹان میں مفتی عثمان قادری نے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں