ڈاکٹر صائب عریقات کی امن اور انسانی حقوق کے لئے انتھک جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نےممتاز فلسطینی رہنما اور مذاکرات کار ڈاکٹر صائب عریقات کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر صائب عریقات کی امن اور انسانی حقوق کے لئے انتھک جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ڈاکٹرصائب عریقات کے انتقال پر غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ڈاکٹر صائب عریقات فلسطینی کاز کےچیمپین تھے جو حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کیلئے سرگرداں رہے۔ امن اور انسانی حقوق کے لئے ان کی انتھک جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔