ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی مختلف وفود سے ملاقاتیں، ملکی امور پر تبادلہ خیال

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق ناظم و سابق رکن قومی اسمبلی حمایت اللہ مایار، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، طلبہ تنظیموں، وکلاء تنظیموں، قبائلی عمائدین اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عوامی مسائل اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق ناظم و سابق رکن قومی اسمبلی حمایت اللہ مایار، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، طلبہ تنظیموں، وکلاء تنظیموں، قبائلی عمائدین اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عوامی مسائل اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملکی ترقی، معاشی استحکام، جمہوری عمل کے تسلسل اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے باہمی تعاون اور مثبت کردار کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ عوامی نمائندگان، سول سوسائٹی، کاروباری برادری، نوجوانوں، وکلاء اور دیگر طبقات کے درمیان مؤثر رابطہ قومی مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارلیمان عوامی فلاح، معاشی استحکام اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور نمائندہ وفود کی تجاویز قومی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے پارلیمانی فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ملک کے روشن مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جبکہ وکلاء، طلبہ، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی جمہوری اقدار کے فروغ اور معاشرتی استحکام میں اہم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی مشاورت سے عوامی مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکتا ہے اور ملک میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔ملاقاتوں میں شرکاء نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو اپنے علاقوں اور متعلقہ شعبوں سے متعلق مسائل، تجاویز اور سفارشات سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز اور مسائل کو متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر قومی مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، باہمی احترام اور مسلسل مشاورت کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے اور پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔