ڈپٹی کمشنر بہاولپورکا دریائے ستلج کے حفاظتی بندوں کی مضبوطی کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ

ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ایمپریس برج کے مقام پر دریائے ستلج کے حفاظتی بندوں کی مضبوطی کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں بھی ان کے ہمراہ تھیں

بہاول ہور۔ 01 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ایمپریس برج کے مقام پر دریائے ستلج کے حفاظتی بندوں کی مضبوطی کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کینال ڈویژن بہاول پور کے افسران سے دریائے ستلج کے کنارے ممکنہ حادثات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی بندوں کی مضبوطی، کٹاؤ سے بچاؤ اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔

انہیں منصوبے کے مختلف تکنیکی پہلوؤں، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حفاظتی بندوں کی تعمیر و مضبوطی کا کام مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثات و سیلابی صورتحال کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے بچاؤ، زرعی اراضی اور املاک کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام حفاظتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت، معیاری تعمیر اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ مون سون سیزن کے دوران حفاظتی بند مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔