ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا پہلا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی صورتحال، پولیو کے خاتمے کی مہم، انسدادِ ڈینگی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا پہلا اجلاس، پولیو اور ڈینگی کی روک تھام کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیارکرنے کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا پہلا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی صورتحال، پولیو کے خاتمے کی مہم، انسدادِ ڈینگی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کی پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شمائلہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر احسان غنی اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیو مہم، ہائی رسک یونین کونسلز، معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری اور محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے اختتام پر صرف نتائج کا جائزہ لینے تک محدود نہ رہا جائے بلکہ ہائی رسک یونین کونسلز کے لیے باقاعدہ ہفتہ وار فالو اپ پلان ترتیب دیا جائے تاکہ ایسے علاقوں میں ہر بچے تک مسلسل رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حساس علاقوں میں بہترین اور تجربہ کار میڈیکل آفیسرز تعینات کیے جائیں اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی بروقت نشاندہی اور خاتمے کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس مزید مؤثر بنائی جائے، ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ انسدادی سرگرمیاں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے موسم کے پیش نظر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام میں آگاہی مہم، صفائی ستھرائی اور پانی جمع ہونے کے مقامات کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور پولیو اور ڈینگی سے پاک، صحت مند راولپنڈی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








