ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے ریسکیو 1122 صوابی کے اہلکاروں کی جانب سے حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران بہترین، بروقت اور پیشہ ورانہ ریسکیو آپریشن پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا
ڈپٹی کمشنر صوابی نے ریسکیو 1122 اہلکاروں کو تعریفی اسناد ونقد انعامات تقسیم کیں

مزید خبریں
پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے ریسکیو 1122 صوابی کے اہلکاروں کی جانب سے حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران بہترین، بروقت اور پیشہ ورانہ ریسکیو آپریشن پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ڈپٹی کمشنر صوابی کی دفتر سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں جن میں لنڈی چم، ڈھنڈوقہ، منصب دار، منگئی اور ترکئی شامل ہیں، میں بارشوں اور پانی کی صورتحال کے باعث متعدد افراد متاثر ہوئے۔ ریسکیو 1122 صوابی کی ڈیزاسٹر ٹیمیں اور متعلقہ ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی مشکل اور خطرناک حالات میں کشتیوں اور لائف جیکٹس کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 300 سے زائد متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، بہترین ٹیم ورک اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ مشکل حالات کے باوجود ریسکیو اہلکار مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے اور متاثرہ شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات تک منتقل کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی اویس بابر بھی موجود تھے۔
انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی سے ڈپٹی کمشنر صوابی کو آگاہ کیا اور آپریشن کے دوران پیش آنے والے حالات اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان بچانا ایک انتہائی اہم ذمہ داری ہے، اور ریسکیو 1122 صوابی کے اہلکاروں نے جس جذبے، بہادری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار مشکل ترین حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر شہریوں کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہتے ہیں۔ ایسے فرض شناس اور بہادر اہلکار نہ صرف ادارے بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ڈپٹی کمشنر صوابی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو 1122 صوابی کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کے حوصلے اور جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی اویس بابر نے ڈپٹی کمشنر صوابی کی جانب سے ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 صوابی کا ہر اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف ان کے حوصلے کو مزید بلند کرتا ہے اور ریسکیو 1122 صوابی مستقبل میں بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اور مؤثر امدادی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔








