ڈھاکہ ٹیسٹ کا دوسرا روز بارش کی نذر، 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا لئے، بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ

ڈھاکہ ٹیسٹ کا دوسرا روز بارش کی نذر، 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا لئے، بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ

ڈھاکہ۔5دسمبر (اے پی پی):ڈھاکہ ٹیسٹ کا دوسرا روز بارش کی نذر ہو گیا اور صرف 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا لئے۔

بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ہفتہ کے روز ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل کم روشنی کے باعث مقررہ وقت سے قبل ختم کردیا گیا تھا اور اتوار کو دوسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے شروع ہونا تھا مگر خراب موسم کی وجہ سے پہلے سیشن کا کھیل نہیں ہوسکا تاہم کھانے کے وقفہ سے قبل بارش رک جانے پر امپائرز نے پچ اور گرائونڈ کا جائزہ لینے کے بعد اسے کھیلنے کے قابل قرار دیا۔ 6.2 اوورز ہی ہوئے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ ایک بار پھر روک دیا گیا۔

مسلسل بارش اور گرائونڈ میں پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور اسے مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا لئے۔ کپتان بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔