ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات اور شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے، سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی حج آپریشن روم کا تفصیلی دورہ کیا اور عازمینِ حج کے لیے کیے گئے مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔

مکہ مکرمہ۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی حج آپریشن روم کا تفصیلی دورہ کیا اور عازمینِ حج کے لیے کیے گئے مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان نے وفاقی وزیر کو مجموعی حج انتظامات، عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کوآرڈینیٹر آپریشنز مکہ صداقت علی نے وفاقی وزیر کو مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) میں انتظامات اور عازمینِ حج کی روانگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عازمین کی مرحلہ وار نقل و حرکت، رہائش، کیٹرنگ، رہنمائی اور ٹرانسپورٹ کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ حج کے ایام میں عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان حج مشن کے تحت قائم کمپلینٹ سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کوآرڈینیٹر عظمٰی شریف نے شکایات کے اندراج، فوری ازالے اور مانیٹرنگ کے جدید نظام پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین کی شکایات کے فوری حل کے لیے خصوصی ٹیمیں چوبیس گھنٹے متحرک ہیں اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے شکایات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ بعد ازاںوفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹ سیکشن کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کوآرڈینیٹر ٹرانسپورٹ محمد اجمل کھوسو نے انہیں ’صلوات ٹرانسپورٹ مینجمنٹ ایپ‘ کے ذریعے ٹرانسپورٹ آپریشنز، بسوں کی مانیٹرنگ، روٹس اور عازمین کی نقل و حرکت کے نظام سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہزاروں عازمینِ حج کی بروقت اور محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے صلوات ٹرانسپورٹ اور مواکب کمپنی کے سی ای او و مالک یاسر جستانیہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ اور آئندہ حج سیزن کے دوران ٹرانسپورٹ انتظامات کو مزید بہتر بنانے، عازمین کی سہولیات اور آپریشنل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج مشن کے مختلف شعبہ جات کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن عازمینِ حج کو بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ شفاف منصوبہ بندی، جدید ڈیجیٹل نظام اور مؤثر نگرانی کے باعث امسال حج آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے حج مشن کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عازمینِ حج کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔