محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب اور محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام ’’قافلہ امن‘‘ ڈیرہ غازی خان پہنچ گیا۔
ڈیرہ غازی خان، چئیرمین رؤیت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس،ڈویژن بھر سے علما کی شرکت
ڈیرہ غازی خان ۔ 04 جون (اے پی پی):محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب اور محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام ’’قافلہ امن‘‘ ڈیرہ غازی خان پہنچ گیا۔اس حوالے سے ڈویژنل سطح کے اتحاد بین المسلمین اجلاس کی صدارت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔اجلاس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ریجنل پولیس آفیسر محمد اظہر اکرم، ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، انتظامی افسران، مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور امن کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملکی سلامتی اوراستحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کی پوری قوم اور علماء کرام حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے پورے پنجاب میں قافلہ امن بھیجنا خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد امت، رواداری، محبت، اخوت اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محکمہ اوقاف پنجاب اتحاد بین المسلمین اور اتحاد امت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے علما و خطبا پر زور دیا کہ وہ اپنے خطابات میں برداشت، صبر، ایثار اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں اور ایسی گفتگو سے اجتناب کریں جس سے کسی فرد یا مکتب فکر کی دل آزاری ہو۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ’’پیغام پاکستان‘‘ اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کو عام کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے علما ، ذاکرین اور منتظمین مجالس و جلوس کو ضابطہ اخلاق، جلوسوں کے مقررہ روٹس اور اوقات کی پابندی، لاؤڈ اسپیکر کے درست استعمال اور تمام مکاتب فکر کے عقائد و مقدسات کے احترام کی تلقین کی۔اجلاس میں شریک علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن ہمیشہ امن، رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے اور رواں سال بھی محرم الحرام پرامن ماحول میں گزرے گا۔ علماء کرام نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ’’صاف ستھرا پنجاب‘‘ مہم، صوبے میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









